شاعری کو دعوت دین و اصلاح معاشرہ کا ذریعہ بنانے پر زور شاہ پور میں حضرت صوفی سرمست ؒکی مداح میں دوسرے سالانہ بین ریاستی طرحی مشاعرے کا کامیاب انعقاد
گلبرگہ 30 اکتوبر ( ناز میڈیا) صوفیائے کرام نے اردو زبان و ادب کو نہ صرف فروغ دیا بلکہ نثر و شعر کے ذریعے اردو ادب کو مالا مال کیا۔ صوفیائے کرام نے شاعری کو دعوت دین و اصلاح معاشرہ کا ذریعہ بنایا۔عصر حاضر میں شعراء کو بھی اپنی شاعری کو دعوت دین و اصلاح معاشرہ کا ذریعہ بنانا چاہیئے۔ان خیالات کا اظہار سینئر صحافی عزیز اللہ سرمست صدر حضرت صوفی سرمست ؒاسلامک سٹڈی سرکل گلبرگہ نے کیا ہے۔وہ حضرت صوفی سرمست ؒاسلامک اسٹڈی سرکل گلبرگہ کے زیر اہتمام ذبیح فنکشن ہال بی بی روڈ شاہ پور میں حضرت صوفی سرمست ؒاسد الاولیاء سگر شریف تعلقہ شاہ پور ضلع یادگیر کی مدح میں منعقدہ دوسرے سالانہ بین ریاستی طرحی منقبتی مشاعرہ میں استقبالیہ خطاب کررہے تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ حضرت خواجہ معین الدین چشتی اجمیری غریب نواز ؒسے حضرت خواجہ بندہ نوازؒ تک اولیائے کرام نے شاعری کے ذریعے نہ صرف تصوف کی تعلیم کو عام کیا بلکہ اپنی شاعری کو اصلا ح معاشرہ کا ذریعہ بنایا۔ عزیز اللہ سرمست نے اعراس کے موقع پر طرحی منقبتی مشاعروں کے انعقاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح شعرائے کرام کو منقبتی اور اصلاحی کلام قلمبند کرنے کی ترغیب حاصل ہوگی۔ عزیز اللہ سرمست نے مزید بتایا کہ حضرت صوفی سرمست ؒاسلامک اسٹڈی سرکل گلبرگہ کے زیر اہتمام نعتیہ و منقبتی مشاعروں کے انعقاد کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے جن کے بہت اچھے نتائج سامنے آرہے ہیں اور نئے شعراء ابھر رہے ہیں۔عزیز اللہ سرمست مزید کہا کہ حضرت صوفی سرمست ؒاسلا مک اسٹڈی سرکل گلبرگہ کے زیر اہتمام حضرت صوفی سرمست ؒکی مدح میں منعقد کئے گئے دوسرے بین ریاستی طرحی منقبتی مشاعرے میں شاہ پور سے 4 اور شوراپور سے 2 نئے شعراء ابھرے جنہوں نے پہلا کلام حضرت صوفی سرمست ؒ کی مدح میں لکھنے کی کامیاب کوشش کی ہے۔حضرت سید شاہ کلیم اللہ حسینی زیدی جلالوی سجادہ نشین بزرگ بارگاہ جلالیہ بڑی دیوڑھی گوگی شریف نے مشاعرے کی سرپرستی فرمائی جبکہ حضرت پروفیسر سید شاہ یوسف حسینی کامل صاحب عم سجاد نشین بارگاہ جلالیہ گوگی شریف موظف پروفیسر انجمن ڈگری کالج بیجاپور نے مشاعرے کی صدارت فرمائی۔ حضرت سید شاہ وجہ الدین چشتی خلف اکبر و جانشین سجادہ نشین بارگاہ حضرت منور بادشاہؒ سگر شریف حضرت سید شاہ بابا فخر الدین قادری سجاد نشین بارگاہ حضرت اعظم بیگ ؒشاہ پور جناب سید یسین قادری برادر سجاد نشین بارگاہ حضرت سید ظہیر الدین قادری المعروف شیخ شاہ ولی ؒسگر شریف جناب سید شاہ رحمت اللہ حسینی اسد صاحب برادر سجادہ نشین بارگاہ جلالیہ گوگی شریف حضرت شیخ مست علی شاہ قادری المعروف اکبر صاحب قادری جانشین آستانہ سروری ہلکٹہ واڑی سید مصباح الرحمن شعلہ صدر شعلہ فاؤنڈیشن شاہ پور وجاہت حسین استاد راجگان شوراپور عود بن جاوش نائب چیرمین ضلع وقف مشاورتی کمیٹی یادگیر محمد تجمل حسین ریاستی صدر ہیومن رائٹس اسوسی ایشن مجاہد حسین آنوری ساہو کار گوگی شریف مختار احمد سگر حسن حسین شوراپور نے مہمانان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ مشاعرے کی کارروائی کا آغاز عبدالقدیر عطاری سیکریٹری دارالعلوم محبوبیہ ڈورنلی کی قرات کلام پاک سے ہوا۔محمد عبید قادری انجنیئر سید توصیف حسینی صاحب محمد خواجہ ملاں قاضی فضل الدین کیمباویں نے نعت خوانی کا شرف حاصل کیا۔ طرحی منقبتی مشاعرے کیلئے ؛ اک مجاہد ولی صوفی سرمستؒ ہیں؛ طرح دی گئی تھی طرحی منقبتی مشاعرے میں ریاض احمد بوڑے محمد محبوب ناز محمد محبوب علی اشرفی جلالوی (شاہ پور) محمد ادریس تسکین صابری اسحاق عظیم صابری (شاہ آباد) خادم اظہر (یادگیر)ڈاکٹر عتیق اجمل وزیر سید شاہ علی اکبر حسینی صابر راشد ریاض مختار احمد دکنی سراج وجہی تیر انداز سید سجاد علی شاد عزیز اللہ سرمست صوفی (گلبرگہ) میر افضل (شولاپور) عبد الرشید ارشد اطیب اعجاز ظہور ظہیر آبادی (حیدرآباد) کے علاوہ صدر مشاعرہ پروفیسر سید یوسف حسینی صاحب کامل نے طرحی منقبتی کلام سنایااور خوب دادوتحسین حاصل کی۔ اطیب اعجاز حیدرآباد نے مشاعرے کی کامیاب نظامت کی۔عبدالقدیر عطاری نے آخر میں شکریہ ادا کیا۔انجنیئر سید توصیف حسینی نے سلام پڑھا سلام و فاتحہ خوانی کے بعد مشاعرے کا اختتام عمل میں آیا۔ مشاعرے میں باذوق اصحاب کے علاوہ عقیدتمندان اولیاء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔









0 تبصرے