سعودی میں مفت کورونا ویکسین کے لئے رجسٹریشن کا آغاز

ریاض ( ناز میڈیا )۔ سعوی عرب نے کورونا ویکسین کے لئے اپنے شہریوں اور مقیم بیرونی ممالک کے افراد کی رجسٹریشن شروع کر دی ہے۔ ویب سائٹ کے مطابق وزارت صحت نے کہا ہے کہ تمام سعودی شہری اورمقیم غیر ملکی ویکسین کے حصول کے لئے رجسٹریشن شروع کرسکتے ہیں۔کورونا ویکسین کے حصول کے لئے اس وقت رجسٹریشن صحتی ایپ کے ذریعے کی جارہی ہے۔وزارت صحت نے کہا ہے کہ سعودی قیادت کی ہدایت پر کورونا ویکسین شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کے لئے بالکل مفت ہوگی۔ ویکسین شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو تین مراحل میں دی جائے گی۔ پہلے مرحلے میں وہ شہری اور مقیم غیر ملکی ویکسین لیں گے جن کی عمریں 65 سال سے زیادہ ہے یا وہ جن کے کام کی نوعیت کے باعث وائرس لگنے کا خطرہ زیادہ ہے۔ وزارت صحت کے مطابق اسی مرحلے میں وہ لوگ بھی شامل ہیں جنہیں حد سے زیادہ موٹاپا لاحق ہے، جن میں قدرتی مدافعتی نظام میں کمزوری ہے یا مدافعتی نظام کی بحالی کی ادویات لیتے ہیں، جنہیں مستقبل بیماری لاحق ہے، سانس کا مسئلہ ہے، گردوں یا دل کا عارضہ یا شریانوں کی بیماری ہے۔دوسرے مرحلے میں وہ شہری اورمقیم غیر ملکی شامل ہیں جن کی عمر 50 سال سے زیادہ ہے یا وہ افراد صحت کے شعبے سے وابستہ ہیں۔ وزارت صحت نے کہا ہے کہ اسی مرحلے میں وہ لوگ بھی شامل ہیں جنہیں سانس، ذیابیطس،گردوں ، دل یا شریانوں کے علاوہ کینسر کا مرض لاحق ہے یا جو درمیانے موٹاپے کا شکار ہیں۔ دو مرحلوں کے بعد تیسرا مرحلہ ہوگا جس میں وہ تمام شہری اورغیر ملکیوں کو ویکسین دی جائے گی جو اسے لینے کے خواہش مند ہیں۔وزارت نے توجہ دلائی ہے کہ کورونا وائرس کے انسداد کے لئے سعودی عرب ان اولین ممالک میں شامل ہے جنہوں نے پیشگی منصوبہ بندی اور تدابیر اختیارکی ہیں۔اسی طرح سعودی عرب ان اولین ممالک میں سے ہے جہاں کے رہائشیوں کو ویکسین فراہم کی جارہی ہے۔دوسری جانب حکام نے کہا ہے کہ توکلنا ایپ میں بہت جلد کورونا ویکسین کے لئے پیشگی وقت لینے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔



ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے