لوگ صحت مند تب ہی رہ سکتے ہیں جب ماحول صاف ستھرا ہو: ایشور کھنڈرے ضلع انچارج وزیر
بیدر17ستمبر۔(نامہ نگار ) جنگلات، ماحولیات اور حیاتیات کے وزیر اور ضلع انچارج مسٹر ایشوربی کھنڈرے نے کہا کہ ماحول صاف ہو تب ہی لوگ صحت مند رہ سکتے ہیں، فضائی آلودگی کو روکنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ وہ منگل کو بیدرقلعہ کے احاطے میں دیہی ترقی اور پنچایت راج محکمہ، ضلع پنچایت بیدر، میونسپل کونسل بیدر کی جانب سے سوچھتا ہی سیوا (صفائی ہی خدمت) پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئے بول رہے تھے۔وزیر نے کہا کہ دیہی سطح پر گرام پنچایت کے ترقیاتی افسران، سکریٹریز، صفائی ستھرائی کے کارکنوں کو صفائی پر زیادہ توجہ دینی چاہیے۔
دیہی علاقوں میں، گرام پنچایت کی طرف سے تمام گھروں میں بیت الخلاء بنائے گئے ہیں، لیکن ان کا استعمال نہیں ہو رہا ہے۔ ماحولیاتی آلودگی کے بارے میں لوگوں میں بیداری پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ بلدیاتی اداروں، ٹاؤن پنچایتوں، میونسپل کونسلوں میں صفائی ستھرائی پر توجہ مرکوز کرنا صفائی کے افسران کی اہم ذمہ داری ہے۔ سٹی کونسلز اس بات کو یقینی بنائیں کہ فضلہ، سالڈ ویسٹ، ڈرائی ویسٹ اور سیوریج ہموار ہو جائے اور سیوریج کے پانی کو صاف کر کے زراعت اور عمارت کی تعمیر کے لیے استعمال کیا جا سکے۔ ضلع پنچایت چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈاکٹر گریش بدولے نے کہا کہ 14 ستمبر سے 2؍ اکتوبر تک منعقد ہونے والے (صفائی خدمت) پروگرام کے لیے گرام پنچایت، ضلع پنچایت، میونسپل کونسل سمیت تمام دفاتر میں افسران اور عملہ کی شرکت اہم ہے۔ اسی موقع پر انہوں نے مرکھل، املا پور، گادگی، اوراشٹور ان چار گرام پنچایت کے صفائی کارکنوں میں صفائی کٹس تقسیم کیں اور عہدیداروں اورعملے کو صفائی کی خدمت کا حلف دلایا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر شلپا شرما، ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس پردیپ گنٹی، صفائی کارکنان اور دیگر موجود تھے۔
0 تبصرے